بِسْمِ اللهِ الرَّحْمنِ الرَّحِيْمِ
وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا (آلِ عمران/۱۰۳)
آج امتِ مسلمہ، خصوصاً دنیا کے مختلف خطوں میں اور بالخصوص عظیم، متنوع اور کثیرالثقافتی ملک ہندوستان میں، پہلے سے کہیں زیادہ اتحاد، یکجہتی اور ہمآہنگی کی ضرورت مند ہے۔ داخلی اختلافات اور مذہبی تقسیم نہ صرف امت کی عزت و سربلندی کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ دشمنانِ اسلام کو مداخلت اور غلبہ حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔
قرآن کریم نے نہایت صراحت کے ساتھ حکم فرمایا ہے: “وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا”۔
ان نورانی تعلیمات کی روشنی میں تمام مسلمانوں پر واجب ہے کہ وہ صرف دینی اصول و مشترکات ہی میں نہیں بلکہ ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کرنے میں بھی یکجہتی اختیار کریں، اور ایسے ہر قول و فعل سے اجتناب کریں جو مختلف مسالک و فرقوں کے ماننے والوں کے جذبات کو مجروح کرے۔ باہمی عقائد اور مذہبی روایات کے احترام پر استوار رویّہ ہی حقیقی اعتماد اور دائمی اتحاد کی بنیاد ہے۔
اسلام نے ہمیں دیگر ادیان کے پیروکاروں کے ساتھ بھی مثبت تعامل اور پُرامن بقائے باہمی کی دعوت دی ہے۔ قرآن مجید ارشاد فرماتا ہے:
“لَا يَنْهَاكُمُ اللَّهُ عَنِ الَّذِينَ لَمْ يُقَاتِلُوكُمْ فِي الدِّينِ وَلَمْ يُخْرِجُوكُمْ مِنْ دِيَارِكُمْ أَنْ تَبَرُّوهُمْ وَتُقْسِطُوا إِلَيْهِمْ”۔
اس بنیاد پر مسلمانوں پر لازم ہے کہ وہ ترقی، اصلاح اور امن کے میدان میں اپنے غیر مسلم بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ایسا معاشرہ تشکیل پائے جس میں تمام باشندے سکون، امن و سلامتی اور باہمی احترام کے ساتھ زندگی بسر کریں۔
ہندوستانی مسلمان، جو علم، تہذیب اور استعمار مخالف جدوجہد کی درخشاں تاریخ کے حامل ہیں، ہمیشہ اس سرزمین کی شناخت اور تمدن کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ آج بھی وہ اسلامی وحدت اور بین المذاہب تعاون کو تقویت دے کر ملک کی ترقی و خوشحالی میں نمایاں حصہ ڈال سکتے ہیں۔
میں، بطور نمائندۂ ولی فقیہ در ہند، تمام علما، دانشوران، خطبا، اساتذہ، محققین، حوزہ و جامعہ کے طلبہ، اور بالخصوص نوجوانانِ ملت کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ گفتوگو و تعامل، ہمبستگی و اعتماد، اور ملتِ اسلامیہ کی سربلندی و ملک ہندوستان کی ترقی کے لیے ہم قدم و ہم آواز ہوں۔
امید ہے کہ قرآن کریم کی تعلیمات اور نبی مکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرتِ مبارکہ کے طفیل، امتِ مسلمہ پوری دنیا میں اتحاد، عزت اور مشترکہ ترقی کے راستے پر مضبوط قدم اٹھائے گی۔
والسلام علیکم و رحمة الله و برکاته
عبدالمجید حکیم الٰہی
نمائندۂ ولی فقیہ در ہند

Your Comment